HOME PAGE
 
تازہ ترین تحریریں

خرم مراد

رمضان کا پیغام

رمضان کا مہینا شروع ہو گیا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بتایا ہے کہ اس مہینے میں رحمت اور خیر و برکت کے خزانوں کی بارش ہوتی ہے۔ جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب ٧٠ فرض کے برابردیا جاتا ہے اور ایمان و احتساب کے ساتھ روزے رکھنے والوں اور رات کی نماز پڑھنے والوں کے سارے پچھلے گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔ (بخاری، مسلم، بیہقی)
آپ کو ان خزانوں میں سے کچھ ملے گا؟ آپ کسان کی طرح عمل کریں گے تو ثواب کی فصل تیار ہو گی، اور جتنی محنت کریں گے اتنی ہی اچھی فصل ہو گی۔ زمین کی طرح آپ کے دل نرم اور آنکھیں نم ہوں گی اور آپ ایمان کا بیج بوئیں گے تو کھیتی لہلہا اٹھے گی۔ دل پتھر کی طرح سخت ہوں گے تو روزوں اور تراویح اور رحمت و برکت کا سارا پانی بہ جائے گا اور آپ کو کچھ بھی نہیں ملے گا۔
توفیق الٰہی کے بغیر یقینًا کچھ نہیں ملتا۔ لیکن توفیق بھی اسی کو ملتی ہے جو کوشش کرتا ہے۔ دیکھیے، اللہ تعالیٰ کیا کہتا ہے؟ آپ اس کی طرف ایک قدم چلیں گے تو وہ آپ کی طرف دو قدم چلے گا، آپ چلتے ہوئے جائیں گے تو وہ دوڑتا ہوا آئے گا۔ لیکن آپ کھڑے رہیں، اور وہ بھی بے پروائی سے پیٹھ پھیر کر، تو بتائیے کہ توفیق آپ کے پاس کیسے آئے گی!
تو ایسا نہ کیجیے کہ رمضان کا پورا مہینا گزر جائے، رحمتوں اور برکتوں کی بارش ہوتی رہے اور آپ اتنے بد نصیب ہوں کہ آپ کی جھولی خالی رہے۔ کچھ کرنے کے لیے اور کچھ رحمتیں لوٹنے کے لیے کمر کس لیجیے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ان تنبیہات کو اچھی طرح یاد رکھيے:
''کتنے روزہ دار ہیں جن کو اپنے روزوں سے بھوک پیاس کے سوائے کچھ نہیں ملتا اور کتنے رات کو نماز پڑھنے والے ہیں جن کو اپنی نماز سے سوائے رات جاگنے کے کچھ نہیں حاصل ہوتا۔''
(دارمی)
کرنے کے کام تو بہت سارے ہو سکتے ہیں، لیکن یہاں صرف چند باتوں کی طرف، مختصراً، توجہ دلانا مقصود ہے۔

رفاقت قرآن مجید

رمضان المبارک کا مہینا اس لیے عظیم ہے کہ اس میں قرآن نازل کیا گیا۔ اسی لیے اس مہینے کو روزوں اور تراویح کے لیے مخصوص کیا گیا کہ قرآن کا علم حاصل ہو اور قرآن پر عمل کرنے کے لیے تقویٰ کی قوت پیدا ہو۔اس لیے سب سے پہلے آپ یہ کوشش کریں کہ اس ماہ زیادہ سے زیادہ وقت اللہ کے کلام کی رفاقت میں گزاریں۔ اسے پڑھیں، سمجھیں اور یاد کریں۔ اس مقصد کے لیے آپ روزانہ قرآن مجید اس طرح پڑھیں کہ آپ کی نگاہ اس کے ترجمہ پر رہے۔ اگر اتنا وقت بھی نہ ملے تو اس ماہ کے کسی دن سے اپنے اوپر یہ لازم کر لیں کہ آپ روزانہ کم سے کم تین آیات ترجمہ کے ساتھ ضرور پڑھیں گے۔ ایک دفعہ شروع کر دیں گے تو ان شاء اللہ چند سالوں میں ایک بار آپ پورا قرآن مجید ترجمہ کے ساتھ ختم کر لیں گے۔

قیام اللیل

سحری سے ١٠-١٥ منٹ پہلے اٹھ کر، وضو کر کے، چند منٹ کے لیے سجدہ میں اپنی پیشانی اپنے رب کے سامنے رکھ دیجیے۔ کہیے، تیرا بندہ تیرے در پر پڑا ہوا ہے۔گڑگڑائیے اور روئیے، اپنے گناہوں کو یاد کر کے ندامت کے آنسووں کے ساتھ معافی مانگیے، دنیا اور آخرت کی ہر نعمت کا سوال کیجیے، ملک و ملت کے لیے دعا کیجیے، خصوصاً اللہ کے دین کے غلبہ اور اس کے لیے جہاد کرنے والوں کی کامیابی کے لیے دعا کیجیے، اپنے لیے استقامت طلب کیجیے۔

انفاق فی سبیل اللہ

نبی صلی اللہ علیہ وسلم رمضان میں سب سے زیادہ سخاوت فرماتے تھے اور ہر مانگنے والے کو دیتے تھے۔ اللہ کی راہ میں خرچ کرنے سے دل کی سختی اور تنگی دور ہوتی اور اللہ کی محبت پیدا ہوتی ہے۔ زکوٰۃ تو آپ کو دینا ہی ہے، مگر اس کا ایک معقول حصہ دین کی جدوجہد کے لیے دیجیے۔ زیادہ ضروری یہ ہے کہ زکوٰۃ کے علاوہ بھی اللہ کے بندوں کی مدد اور قرآن کے پیغام کو پھیلانے کے لیے اپنا مال نکالیے اور یہ عزم کر لیجیے کہ رمضان کے بعد بھی ہر ماہ آپ ایک رقم ان دونوں کاموں کے لیے خرچ کیا کریں گے۔

عمل صالح

اس مہینے میں اللہ کی نافرمانی سے بچنے اور قرآن پر عمل کرنے کی خصوصی کوشش کیجیے۔ روزہ کا مقصد کھانا پینا چھوڑ دینا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ زبان، آنکھیں، کان اور ہاتھ پاؤں وہ سب چیزیں چھوڑ دیں جو اللہ تعالیٰ کو ناراض کرتی ہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جو آدمی جھوٹی بات کہنا اور جھوٹ بات پر عمل کرنا نہ چھوڑے تو اللہ کو کوئی ضرورت نہیں کہ وہ اپنا کھانا پینا چھوڑ دے۔ خاص طور پر زبان کی حفاظت کیجیے۔ کسی کا دل نہ دکھائیں، کسی کی برائی نہ کریں، کسی کو برا بھلا نہ کہیں، کسی سے لڑائی جھگڑا نہ کریں۔

دعوت الی اللہ

قرآن کا سب سے بڑا حق یہ ہے کہ آپ لوگوں کو قرآن پر عمل کرنے کی دعوت دیں اور پوری زندگی میں قرآن کی دی ہوئی شریعت کو غالب و حکمران کرنے کے لیے جدوجہد کریں۔ یہ مسلمان ہونے کی حیثیت سے آپ کا فرض ہے اور امت مسلمہ کا مقصد وجود ہے۔ اس ماہ آپ اس بات کا عزم کر لیں کہ آپ اپنے وقت، مال اور محنتوں کا ایک حصہ باقاعدگی سے مسلسل اس کام میں لگائیں گے۔ یہاں تک کہ پاکستان میں اللہ کا دین غالب ہو جائے۔
آپ ان باتوں پر جتنا بھی عمل کریں گے رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں میں آپ کا حصہ بڑھ جائے گا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس ماہ اپنی جھولیاں بھر لینے کے لیے محنت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

ـــــــــــــــــــــــــ

واپس

 
     
© 2006 Ghamidi.org All rights reserved.