ڈاکٹر خضر یسین
مولانا فراہی رحمہ اللہ کی عربی دانی کا انکار نہیں اور نہ روایتی علوم کی متداول تنقید میں ان جواب تھا۔ لیکن وہ تمام فکری تسامحات ان میں پوری قوت کے ساتھ موجود تھے جو روایتی مذہبی علوم اور ان کے ماہرین میں پائے جاتے ہیں۔ عربی زبان و بیان کے تناظر میں قرآن مجید کے محاسن بیان کرنے والے وہ پہلے فرد نہ تھے۔ ان سے قبل بڑے صاحب ذوق اور صاحب نظر قرآن مجید کی لسانی نزاکتوں اور خوبیوں کو ان سے بہت بہتر بیان کر چکے ہیں۔
روایتی مذہبی علوم اور علماء کے ساتھ یہ المیہ رہا ہے کہ وہ فکر و فن کی حدود صحت کا تعین کرتے ہیں اور نہ موضوع کے مختلف ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والے امتیازات اور فکری مضمرات کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ بزعم خویش فلک بوس علوم و فنون کی عمارتیں میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ حالانکہ ان علوم و فنون کی خشت اول ہی ٹیڑھی رکھی گئی تھی۔
“متشابہات” کے متعلق فراہی صاحب کا موقف واضح طور پر غلط ہے۔ وہ متشابہات کا مفہوم و مدلول اگر خود قرآن مجید سے لیتے تو ایسی غلطی نہ کرتے۔
آخرت کے متعلق قرآن مجید کا کوئی ایک بیان بھی ایسا نہیں ہے جس میں ایک سے زیادہ معنی بیک وقت مراد لیے جا سکتے ہوں۔ متشابہ میں معنی کی کثرت کا تدارک تاویل کے ذریعے کیا جاتا ہے اور کسی ایک معنی کو مرجح بتانے کے لیے “تاویل” کی جاتی ہے۔ یہ موؤل معنی ظنی ہوتا ہے۔ عقائد و ایمانیات کی بنیاد نہ اشتباہ پر رکھی جا سکتی ہے اور نہ ہی ظن و تخمین یہاں کار آمد ہو سکتا ہے۔
مفسرین، متکلمین اور فقہاء نے جن آیات کو متشابہات فرض کر لیا ہے ان میں کوئی ایک آیت بھی ایسی نہیں ہے جس میں تاویل سے معنی کا تعین ناگزیر ہو۔ متشابہات کی تاویل ناگزیر ہوتی ہے۔ اس کے بغیر متشابہ متشابہ رہتا ہے۔ مزید برآں مووّل معنی کی اتباع سے قرآن مجید نے روکا ہے۔ لیکن مولانا فراہی رحمہ اللہ “متشابہات” کا مفہوم اپنی مرضی سے طے کرتے ہیں اور محکمات کو متشابہات بنا دیتے ہیں۔