محمد خزیمہ الظاہری
دین و شریعت کے قابلِ قبول ہونے کے لئے تواتر کی شرط لگانا روافض و خوارج کی ایجاد ہے۔ اہل علم نے ہمیشہ اس موقف کی تردید کی ہے۔ ان اہل علم کا تعلق صرف اہل ظاہر سے نہیں بلکہ ان میں کثرت سے مذاہبِ اربعہ کے فقہاء بھی شامل ہیں۔ چنانچہ امام بخاری نے اپنی صحیح میں “کتاب الاعتصام بالکتاب و السنة” کے تحت دو صحیح احادیث پر یہ عنوان قائم کیا ہے کہ :
باب الحجة على من قال : إن أحكام النبى صلى الله عليه و سلم کانت ظاهرة و ما كان يغيب بعضهم من مشاهد النبى صلى الله عليه و سلم و أمور الاسلام
اس عنوان کا مفہوم و مدعا یہ ہے کہ : اس شخص کے رد پر دلیل کا بیان جو کہتا پھرتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے (دین سے متعلق) دئے گئے احکامات سب پر واضح تھے اور دین کے معاملے میں نبی علیہ السلام کی تعلیمات سے تمام لوگ واقف ہوتے تھے۔
یہاں امام بخاری کا موقف صاف صاف واضح ہو گیا ہے کہ انہوں نے ان لوگوں کی تردید کی ہے جنہوں نے تواتر کے نام پر احادیث سے منہ موڑا ہے۔
اس مقام پر بخاری شریف کے بلا مبالغہ ان درجنوں شارحین نے امام بخاری رحمه الله کی تائید فرمائی ہے جو چاروں میں سے کسی نا کسی فقہی مذھب سے تعلق رکھتے ہیں۔ اور درج ذیل باتوں کی وضاحت کی ہے کہ :
اول : دین کو قبول کرنے کے لئے تواتر کی شرط لگانا روافض و خوارج کا موقف ہے۔
دوم : یہاں امام بخاری کا مقصد انہی لوگوں پر تنقید ہے۔
سوم : امام بخاری رحمه الله کا یہ موقف بالکل درست ہے اور دین کی کوئی بات قبول کرنے کے لئے تواتر کی شرط لگانا ضروری نہیں ہے۔
_ ان شارحین میں چند ایک نام ذیل میں درج کئے جا رہے ہیں۔
اول : امام ابن الملقن،التوضيح لشرح الجامع الصحيح (٣٣/١٤٠)
دوم : امام بدر الدين عينى،عمدة القارى فى شرح صحيح البخارى (٢٢/٤٩٣)
سوم : امام ابن بطال مالکی،شرح صحيح البخارى (١٠/٣٨٤)
چہارم : امام بدر الدين زركشى،التنقيح لالفاظ الجامع الصحيح (٣/٨٦٩)
پنجم : امام ابن المنيّر،المتوارى على ابواب البخارى (ص ٤١٦)
ششم : امام بدر الدين دمامينى،مصابيح الجامع الصحيح (١٠/١٦٥)
ہفتم : امام شمس الدين برماوى،اللامع الصبيح بشرح الجامع الصحيح (١٧/٢٨٥)
ہشتم : امام شمس الدين كرمانى،الكواكب الدرارى (٢٥/٦٣)
نہم : امام محمد فضيل مالكى،الفجر الساطع على صحيح البخارى (١٦/١٤٨)
دہم : امام احمد بن اسماعيل كورانى،الكوثر الجارى إلى رياض احاديث البخارى (١١/٣٩٦)
ان اہل علم میں کوئی بھی ظاھری نہیں ہے اور انکا تعلق مذاھب اربعہ میں سے کسی نا کسی فقہی مذھب سے ہے۔ لہذا اس تفصیل سے ہمارے دور کے ان حدیث بیزار لوگوں کی حقیقت واضح ہو جاتی ہے جنکا کہنا ہے کہ تواتر کی بجائے اخبار آحاد کو کافی شافی سمجھنا صرف اہل ظاھر کا طریقہ ہے۔