ڈاکٹر زاہد مغل
بحث و تنقیح کے بعد مکتب فراہی کے منتسبین کی جانب سے “قرآن قطعی الدلالت” کا معنی یہ واضح کیا گیا ہے کہ اس کا مطلب قرآن میں کسی آیت کا محتمل الوجوہ نہ ہونا ہے، اور محتمل الوجوہ کا مطلب ایسا لفظ یا آیت ہونا ہے جس میں ایک سے زیادہ معنی لینے کا مساوی رجحان ہو اور مخاطب کے لئے متکلم کے مجموعی خطاب و فعل کے پیش نظر کسی ایک جانب کی ترجیح کا کوئی قرینہ نہ ہو۔ قطعی الدلالت کو جس مفہوم میں یہ حضرات مراد لیتے ہیں، اس کے بعد اس اصطلاح پر ان حضرات کی جانب سے اصرار نزاع لفظی سے زیادہ کچھ نہیں کیونکہ اس معنی میں قرآن کے قطعی ہونے کا انکار کسی نے بھی نہیں کیا۔ کتب تفسیر میں کوئی مفسر کسی آیت کے تحت مختلف اقوال نقل کرکے کسی ایک کو ترجیح دئیے بغیر جب آگے بڑھ جاتا ہے تو اس کا مطلب یہ کہنا نہیں ہوتا کہ اس کے نزدیک سب احتمالات کی جانب رجحان اس طرح مساوی ہے جسے اصول فقہ میں مجمل کہتے ہیں بلکہ اس کی وجوہات دیگر ہوتی ہیں۔ شارع کا خطاب مکمل ہوچکنے کے بعد قرآن میں کسی ایسے مجمل حکم کے وجود کا کوئی بھی قائل نہیں جس کا ہر جانب رجحان مساوی ہو، یہاں تک کہ اصطلاحی متشابہ بھی اس کیفیت پر نہیں۔ چنانچہ مولانا فراہی و اصلاحی صاحبان نے مفسرین کی اس پریکٹس سے جو یہ نتیجہ اخذ کیا کہ یہ گویا قرآن کی آیت کو “آج بھی” مجمل کی طرح سمجھتے ہیں لہذا اس کے جواب میں بالذات قرآن کے غیر محتمل الوجوہ ہونے پر زور دینا ضروری ہے، تو یہ وہی غلطی ہے جو اکثر کی جاتی ہے کہ مثلا علم کلام کی کسی اہم بحث کو حل کرنے کے لئے کوئی تفسیری قول پیش کردیا جائے جبکہ اس کے فصل نزاع کا طریقہ پہلے متعلقہ علم و فن مثلا علم کلام کی کتاب دیکھنا ہوتا ہے، بعینہہ اس بحث میں تفسیری اقوال سے توحش محسوس کرنے کے بجائے اصول فقہ کی جانب رجوع کرنے کی ضرورت تھی۔