محمد خزیمہ الظاہری
منکرین حدیث جس تواتر کا چرچا کرتے ہیں یہ از خود ہمیشہ ان اخبار و روایات کا محتاج ہوتا ہے جسے ظن و آحاد قرار دے کر انکی اہمیت گھٹائی جاتی ہے۔
متواتر چیز سے متعلق جب تک روایات اور اخبار کے ذریعے سے یہ بات معلوم نا ہو کہ گزشتہ تمام زمانوں میں وہ بات ایسے ہی منتشر تھی جیسے آج ہے اس وقت تک اسکے متواتر ہونے کا علم نہیں ہو سکتا۔
مثلاً آج کسی بھی چیز سے متعلق یہ کہا جاتا ہے کہ رسول اللہ کے زمانے سے آج تک یہ عمل ایسے ہی متواتر چلا آ رہا ہے تو ہمیں اس بات کا علم کیسے ہو گا کہ آج سے پانچ سو سال پہلے یہ عمل واقعی متواتر تھا؟
ہم نے صرف آج کے زمانے میں ہی اپنی آنکھوں سے متواتر قرار دی جانے والی چیزوں کو دیکھا ہے،اس سے چند صدیاں پیچھے جائیں گے تو اس دور کے حالات و احوال کیسے معلوم کریں گے؟
ما سوائے ان لکھی ہوئی روایات و اخبار کے اور کوئی ذریعہ نہیں جو اسکا پتہ دے،وہ اخبار و روایات جنہیں ہر حال میں ظنی کہا جاتا ہے۔
جب تک روایاتِ آحاد پر یقین سے اعتماد نہیں ہو گا اس وقت تک تواتر صرف ایک ہوائی خیال رہے گا،روایات ہی باتی ہیں کہ فلاں فلاں زمانے میں فلاں فلاں چیز متواتر تھی،یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے اجماع ہوتا ہے کہ اسے نقل کرنے والے چند ایک ہی ہوتے ہیں جو اجماعات پر کتابیں لکھ کر بتاتے ہیں کہ فلاں فلاں چیز پر اجماع ہے مگر از خود یہ چیز بیان کرنے والے چند گنے چنے لوگ ہوتے ہیں۔
تواتر کی اصطلاح جہاں سے آئی ہے اور جس فن کے ماننے والوں نے تواتر کو ثبوت کا قطعی ذریعہ بتایا ہے انکے ہاں بھی صراحت سے یہ بات نہیں ملتی کہ تواتر فی نفسہ الگ سے کوئی مستقل چیز ہے اور اپنے وجود میں آحاد و مظنونات کی محتاج نہیں ہے،بلکہ اسکے بر عکس یہ ضرور ملتا ہے کہ تواتر سے آپ کسی دوسرے پر حجت قائم ہی نہیں کر سکتے اگرچہ آپ خود اس متواتر چیز پر مطمئن ہوں (یہ گفتگو شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کی کتاب الرد على المنطقيين میں موجود ہے)۔
اسی طرح اس فن کے بہت سے اہل علم جن میں امام غزالی رحمہ اللہ سر فہرست ہیں،انہوں نے جہاں یقینی اور قطعی مقدمات کا ذکر کیا ہے وہاں تواتر کو کوئی جگہ نہیں دی،صرف اولیات،فطریات،مشاھدات اور تجربیات پر اکتفاء کیا ہے،۔
انہیں اخبار و روایات کی قدر نا کرنے کی وجہ سے عیسائیوں کو اس بحث کا سامنا بھی کرنا پڑا کہ نعوذ باللہ عیسی علیہ السلام کا کوئی شخصی وجود بھی تھا یا وہ ایک فرضی شخص ہیں؟؟
اس ساری گفتگو سے یہ بتانا مقصود ہے کہ جن چیزوں کو متواتر کا درجہ حاصل ہو گا انکی بنیاد اخبار و روایات پر ہی ہو گی اور ان اخبار و روایات کو (بعض صورتوں میں) قطعی تسلیم کیا جائے گا تو ہی متواتر کی حیثیت سامنے آ سکے گی۔