پہلے یہ جاننا چاہیے کہ قرآن نے اصل موضوع سود لینے والے کو کیوں بنایا. اسے درجہ ذیل نکات سے سمجھا جا سکتا ہے
١)
چونکا سود کے عمل میں بنیادی کردار سود لینے والے کا ہے لہذا قرآن نے اصل موضوع اسے بنایا.
٢) سود لینے والے کے لیے مجبوری کی صورت نہ ہونے کے برابر ہے بخلاف سود دینے والے کے.
٣) جیسے رشوت لینے کے عمل کی مذمت قرآن پاک میں اطلاق کے ساتھ ہے اور اسی لفظ (أكل) کھانے کے ساتھ ہے (أكالون للسحت يا أكلهم السحت) بخلاف رشوت دینے کے عمل کی. اسی طرح سود لینے کے عمل کی مذمت قرآن پاک میں اطلاق کے ساتھ ہے اور اسی لفظ (أكل) کھانے کے ساتھ (ياكلون الربا). لہذا جس طرح رشوت دینا مجبوری کی بنا پر ہو سکتا ہے اسی طرح سود دینا بھی بعض صورتوں میں مجبوری کی بنا پر ہو سکتا ہے بخلاف رشوت لینے اور سود لینے کے. لہذا قرآن نے نہ صرف ان كى مذمت کی ہے بلکہ انہیں اطلاق کے ساتھ بیان کیا ہے.
٤) قرآن میں سود دینے والے کا ذکر بھی موجود ہے اور اس کی مذمت بھى کہ اس کی مذمت کے لیے قرآن کا اصول تعاون على الأثم (گناہ میں تعاون) کافی ہے لیکن مزید یہ کہ سورۃ روم کی آیت ٣٩ میں سود دینے والے کا ذکر جس انداز میں آیا ہے اس میں سمجھنے والوں کے لیے نشانیاں ہیں
مكمل آیت کا ترجمہ (ترجمے کے لیے دیکھیے الکشاف اور التحریر والتنویر) کچھ اس طرح ہے “اور جو تم سود دیتے ہو کہ وہ بڑھے لوگوں کے مالوں میں تو وہ اللہ کے نزدیک نہیں بڑھتا اور جو تم زکوۃ دیتے ہو اس حال میں کہ تم اس پر اللہ کی خوشنودی چاہتے ہو تو وہی لوگ ہیں جو اپنے مالوں کو دو چند کرنے والے ہیں”
(نیز نافع، ابو جعفر اور یعقوب کی قراءات کے لحاظ سے آیت کا مفہوم بھی اسی ترجمہ کے مطابق ہے. “اور جو تم سود دیتے ہو کہ تم بڑھاؤ لوگوں کے مالوں کو تو وہ اللہ کے نزدیک نہیں بڑھتا”)
أولا: قرآن كا زیر نظر آیت میں سود کے ذریعے اپنے مال میں اضافے کی مذمت کا بیان، سود دینے والے کے عمل سے شروع کرنا، سود دینے والے کو اس معاملے میں شریک عمل ٹھہرانا ہے. چنانچہ اس آیت میں تعاون على الأثم کو جس قدر نمایاں کر کے دکھلایا گیا ہے اس میں صرف دیکھنے والوں کے لیے نشانیاں ہیں.
ثانيا: آیت کے پہلے حصے میں دینے کے ايک عمل (اور وہ سود دینے کا عمل ہے) کے برے نتیجے کا بیان ہے کہ یہ لینے والے کے مال میں ناجائز اضافے کا سبب بنتا ہے، تو آیت کے دوسرے حصے میں دینے والے ايک دوسرے عمل (اور وہ زکوۃ دینے کا عمل ہے) کے اچھے ہونے کا بیان ہے کہ یہ لینے والے کی ضرورت پوری کرنے کا باعث بنتا ہے.
ثالثا: في الواقع یہ آیت کمال بلاغت لیے ہوئے ہے کہ آیت کے پہلے حصے میں بھی معاملے کے دو فریق ہیں، اسی طرح آیت کے دوسرے حصے میں بھی معاملے کے دو فریق. مزید یہ کہ آیت کے پہلے حصے میں بھی ایک چیز کا اظہار ہے اور دوسری چیز کا اخفا، اسی طرح آیت کے دوسرے حصے میں بھی ایک چیز کا اظہار ہے اور دوسری چیز کا اخفا.
آیت کے پہلے حصے میں جس چیز كا اظہار ہے وہ یہ کہ سود کی رقم وصول کر کے اپنے مال کو بڑھانا درحقیقت اپنے مال کو بڑھانا نہیں یعنی سود لینے والے کی مذمت كا اظہار ہے اور جس دوسری چیز كا اخفا ہے وه سود دینے والے کی مذمت كا اخفا ہے يعنى سود دینے والے کو ذکر کیا لیکن دینے والے کی مذمت کو اخفا میں رکھا.
بالکل اسى طرح آیت کے دوسرے حصے میں جس چیز كا اظہار ہے وہ یہ کہ جو اپنا مال بطور زکوۃ دیتا ہے تو وہ قابل تعریف ہے اور جس دوسری چیز کا اخفا ہے وہ یہ کہ زکوۃ لینے والے اور اس کے عمل كا اخفا.
اب سود دینے والے کی مذمت اور اسی طرح زکوۃ لینے والے کو اخفا میں رکھا گیا ہے تو اس میں یہ امر پوشیدہ ہے کہ قرض پر سود کی ادائیگی کرنے والا اور اسی طرح زکوۃ کی رقم وصول کرنے والا دونوں اس عمل کے لیے مجبور بھی ہو سکتے ہیں اور اگر وہ مجبور نہیں تو ان کا یہ عمل اس صورت میں قابل مذمت ہے بصورت دیگر نہیں کہ قرض لینے والے نے اپنی ضرورت (نہ کہ حاجت یا تجارتی غرض سے) کے لیے قرض لیا ہو اور بلا سود قرض موجود نہ ہو، اسی طرح زکوۃ لینے والے نے مستحق ہونے کی وجہ سے زکوۃ لی ہو اور اس کا کسب اس کے لیے کافی نہ ہو.
اب کوئى یہ کہے کہ واضح انداز میں قرآن میں سود دینے والے کی مذمت دکھاؤ. تو اس پر عرض ہے کہ جنہوں نے نہیں ماننا انہیں اگر قرآن کو آسمان سے اترتا بھی دکھلایا جائے اور وہ اسے چھو بھی لیں تو انہوں نے اسے نہیں ماننا (سورۃ الانعام ٧)